( ایجنسیز)
اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" اور الفتح کی مرکزی قیادت نے فلسطین میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے کل منگل کو غزہ کی پٹی میں دوبارہ بات چیت کی۔ مذاکرات میں حماس کے سیاسی شعبے کے سینیئر نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق اور الفتح کی سینٹرل کونسل کے رکن عزام الاحمد شریک ہوئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق الفتح کے رہ نما عزام الاحمد گذشتہ روز بیت حانون گذر گاہ کے راستے غزہ پہنچے جہاں انہوں نے حماس رہ نما ابو مرزوق سے ملاقات کی۔ بات چیت میں قومی حکومت کی تشکیل پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نئی حکومت کے سربراہ اور اہم وزارتوں کے لیے ناموں پر صلاح مشورہ کیا گیا۔
مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے کہا کہ حماس
اور الفتح کی قیادت میں ملاقات مقامی وقت کے مطابق شام آٹھ بجے ہوئی۔ یہ ایک مشاورتی میٹنگ تھی جس میں قومی حکومت کی تشکیل اور حکومت میں شامل ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابومرزوق اور الفتح کے عزام الاحمد شریک تھے۔
قبل ازیں حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے "پی ائی سی" کے نامہ نگار کو بتایا تھا کہ آج منگل کو حماس اور الفتح کی قیادت کا ایک مشاورتی اجلاس ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے فتح کے رہ نما مغربی کنارے سے غزہ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ حماس اور الفتح کے درمیان گذشتہ ماہ تئیس اپریل کو غزہ کی پٹی میں قومی حکومت کی تشکیل کا ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کی رو سے قومی حکومت ایک ماہ کے اندر اندر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔